2 کشمیریوں کی شہادت پربھارتی فوج کے خلاف قتل کا مقدمہ درج

 
0
357

سری نگر،جنوری29(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے ہاتھوں 2 معصوم کشمیریوں کی شہادت پرپولیس نے بھارتی فوج کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کی وحشیانہ کارروائی پر کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھی خاموشی توڑ دی، 27 جنوری کو ضلع شوپیاں میں فوجیوں کی نہتے مظاہرین پر فائرنگ سے 2 افراد کی شہادت پر بھارتی فوج کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 2 کشمیریوں کی شہادت کا مقدمہ بھارتی فوج کی دسویں گراہول رائفل بٹالین کے خلاف درج کیا گیا ہے،جس میں قتل اوراقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی شہادت پر پوری وادی سوگوار ہے، گزشتہ روزحریت راہنماﺅں کی کال پر بھارتی جارحیت اور ظلم و ستم کے خلاف وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شریک ہزاروں افراد نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے، حریت راہنماﺅں نے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کو بھارتی فورسز کی منظم منصوبہ بندی قرار دیا۔سری نگر سمیت دیگر اضلاع میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند اور سڑکیں سنسان رہیں، احتجاج روکنے کیلئے قابض انتظامیہ نے سری نگر اور مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے۔