سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ بلدیہ کیس میں زبیر چریا کی درخواست ضمانت مسترد کردی

 
0
459

کراچی ،جنوری29(ٹی این ایس):سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ بلدیہ کیس میں اہم ملزم زبیر عرف چریا کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی عدالت کو کیس کا ٹرائل جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں نعمت اللہ بینچ نے سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران رینجرز کے وکیل اور ملزم زیبر چریا کے وکیل پیش ہوئے۔زبیر عرف چریا کے وکیل نے عدالت کے سامنے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے موکل کے خلاف ابھی تک استغاثہ کی جانب سے ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ اس کیس میں 250 افراد جھلس گئے تھے لیکن ابھی تک یہ ثابت نہیں ہوسکا کہ آگ میرے موکل زبیر عرف چریا نے لگائی تھی۔زبیر عرف چریا کے وکیل نے کہا کہ اس کیس میں گواہ نے 22 دسمبر 2016 اپنا بیان بھی قلمبند کرایا، ہم یہ نہیں کہتے کہ ملزم کو بری کردیا جائے لیکن اس کی ضمانت منظور کی جائے۔اس موقع پر رینجرز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم کی ضمانت مسترد کردی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم رضوان قریشی نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) میں بتایا کہ آگ منصوبہ بندی کے تحت لگائی گئی تھی جبکہ ملزم رحمان بھولا نے 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرایا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کیس کے ملزمان نے مجسٹریٹ کے روبرو اعتراف کیا کہ آگ سوچی سمجھی سازش کے تحت لگائی گئی جبکہ اس کیس کا مرکزی ملم حماد صدیقی مفرور ہے۔بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم زیبر عرف چریا کی درخواست کی ضمانت کو مسترد کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔