ملتان جنوری 30(ٹی این ایس )ملتان میں اب تک موسمی انفلوئنزا وائرس پر قابو پایا نہیں جاسکا ہے اور مزید 3 مریض وائرس کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گئے۔ترجمان محکمہ صحت ملتان ڈاکٹر عطا الرحمان کے مطابق تینوں مریض نشتر ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا کہ مریضوں میں سے 20 سالہ حسینہ کا تعلق خانیوال، 53 سالہ کرامت کا تعلق لیہ اور 50 سالہ رشیدہ کا تعلق ملتان سے تھا۔واضح رہے کہ ملتان میں 15 دسمبر سے اب تک موسمی انفلوئنزا سے متاثرہ 44 افراد کا انتقال ہو چکا ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی جارہی ہے، خصوصاً پانی ابال کر پینے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب صوبائی حکومت کی طرف سے ہسپتالوں میں انفلوئنزا کے مریضوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے احکامات کے باوجود نشتر ہسپتال میں قائم فلو کاؤنٹر سے ویکسی نیشن فراہم نہ کیے جانے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔