سینیٹ انتخابات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لینے کے ساتھ ہارس ٹریڈنگ کو ناکام بنائیں گے، آصف زرداری نے بلوچستان میں جو کچھ کیا وہ قابل مذمت ہے،سینیٹر مشاہد اللہ خان

 
0
337

محمد نواز شریف کا قافلہ عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں چاروں صوبوں میں رواں دواں ہے، صحافیوں سے گفتگو
اسلام آباد، جنوری 30 (ٹی این ایس):
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لینے کیساتھ ہارس ٹریڈنگ کو ناکام بنائیں گے، آصف زرداری نے بلوچستان میں جو کچھ کیا وہ قابل مذمت ہے۔ محمد نواز شریف کا قافلہ عوام رابطہ مہم کے سلسلہ میں چاروں صوبوں میں رواں دواں ہے۔وفاقی وزیر نے یہ بات منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور آئندہ سینٹ انتخابات کے حوالہ سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سزائیں اور مقدمات نواز شریف کیلئے نئے نہیں ہیں، نواز شریف نے وہ سزا کاٹی ہے جو کوئی سیاستدان آج تک نہیں کاٹ سکا، نواز شریف پر سانپ اور بچھو چھوڑے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوامی سیلاب نہیں رکے گا، ہمیں اب فیصلہ حق میں یا مخالفت میں ہونے کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس کوئی اکثریت نہیں ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ اب بھی یہ کہتے ہیں کہ جسے چاہیں سینیٹ کا چیئرمین بنا دیں، آصف علی زرداری کی یہ بات دیوانے کا خواب لگتا ہے، انہوں نے بلوچستان میں جو کچھ کیا وہ قابل مذمت ہے، ان کا بلوچستان میں کردار جمہوریت کیلئے نقصان دہ تھا حالانکہ ہم نے ماضی میں ان کے ساتھ مل کر اداروں کی مضبوطی کیلئے کام کیا ہے، آصف علی زرداری نے اس طرح نہ جمہوریت کی خدمت کی نہ پاکستان کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سینٹ الیکشن میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے گی اور ہم ہارس ٹریڈنگ کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی عوام رابطہ مہم چلتی رہے گی اور نواز شریف کا قافلہ چاروں صوبوں میں رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سازش کریں گے تو ہم اسے بے نقاب کریں گے۔