وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات ہارون اختر خان کی ایل ای ڈی بلب مینوفیکچررز گروپ سے ملاقات

 
0
329

پیداواری صلاحیت مستحکم ہونے سے شرح نمو میں اضافہ، ملازمت کے مواقع اور ملک میں خوشحالی آتی ہے، گفتگو
اسلام آباد، جنوری 30 (ٹی این ایس):
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت مقامی صنعتوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے پرعزم ہے ،پیداواری صلاحیت مستحکم ہونے سے شرح نمو میں اضافہ ،ملازمت کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور ملک میں خوشحالی آتی ہے۔

معاون خصوصی وزیراعظم نے یہ بات منگل کو ایف بی آر ہاؤس میں ایل ای ڈی بلب مینوفیکچررز گروپ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کو غیر ضروری پابندیوں سے چھٹکارا دلا کر اور سب کو یکساں مواقع کی سہولت فراہم کرکے مینوفیکچرنگ میں اضافہ سے ملکی معیشت کو تیزی سے ترقی کی راہ گامزن کیا جا سکتا ہے۔ ایل ای ڈی بلب مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر سجاد احمد کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم کے مشیر کو صنعت کو درپیش مختلف ٹیکسوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور صنعت کے فروغ کیلئے مشکلات اور پابندیوں کے خاتمہ کیلئے حکومت سے مدد کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ایل ای ڈی بلب انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی تھی حتیٰ کہ بعض ترقی یافتہ ممالک سمیت بیرون ملک کو مصنوعات برآمد کی جا رہی تھیں اور اب اسے پابندیاں ہٹا کر یکساں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ہارون اختر نے وفد سے کہا کہ حکومت مقامی صنعت کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور نجی شعبہ کو ہر ممکن سہولت اور جائز تحفظ فراہم کرے گی، ہم چاہتے ہیں کہ نجی شعبہ ترقی کرے کیونکہ کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں ہے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن سے کہا کہ آئندہ بجٹ کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کرے۔