میرہزار بجارانی کی نماز جنازہ کندھ کوٹ اور فریحہ رزاق کی کراچی میں ادا ،اہم شخصیات کی شرکت 

 
0
469

کندھ کوٹ/کراچی فروری2(ٹی این ایس): صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی کی نماز جنازہ صوبہ سندھ کے شہر کندھ کوٹ اور ان کی اہلیہ کی نماز جنازہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ادا کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اہلیہ کو قتل کر کے خودکشی کرنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما میر ہزار خان بجارانی کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں کندھ کوٹ کے گرڈ اسٹیشن گراؤنڈ میں ادا کردی گئی۔نماز جنازہ میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی، اور قومی و صوبائی وزرا نے شرکت کی۔دوسری جانب ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کی نماز جنازہ کراچی کے علاقے ڈیفنس کی سلطان مسجد میں ادا کی گئی۔ فریحہ رزاق کی نماز جنازہ میں گورنر سندھ محمد زبیر سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔دونوں کی نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر ترقی و منصوبہ بندی میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔پولیس کے مطابق فریحہ رزاق کو 3 گولیاں لگیں جن میں سے 2 پیٹ پر اور ایک سر پر ماری گئی، سر پر لگنے والی گولی ہلاکت کا سبب بنی جبکہ بعد ازاں میر ہزار خان نے کنپٹی پر پستول رکھ کر خود کو گولی ماری۔گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کی موت پر ان کے آبائی علاقے میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔ مشتعل مظاہرین نے موت کو قتل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔میر ہزار خان بجارانی کا تعلق کرم پور تعلقہ تنگوانی ضلع کشمور کندھ کوٹ سے تھا اور وہ پی ایس 16 جیکب آباد سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔بجارانی کا شمار پارٹی کے سینئرترین رہنماں میں ہوتا تھا۔ وہ 1990 سے 1993 اور 1997 سے 2013 تک رکن قومی اسمبلی رہے۔میر ہزار خان بجارانی 2013 کے عام انتخابات میں سندھ کے حلقہ پی ایس 16 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔