مہمند ایجنسی میں نیشنل بینک اعتماد اسلامی بینکاری کی برانچ کا افتتاح کردیا گیا

 
0
527

اسلام آباد فروری 3(ٹی این ایس)نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سعید احمد نے مہمند ایجنسی کے علاقہ غالانائی میں نیشنل بینک آف پاکستان اعتماد اسلامی بینکاری برانچ کا افتتاح کیا۔ بینک کے اس اقدام کا مقصد شدت پسندی سے متاثرہ علاقہ میں اسلامی فنانسنگ کے طریقوں سے مالی سہولیات فراہم کرنا ہے۔یہ پہلا موقع ہے جب کسی بینک کے صدر نے اس علاقہ کا دورہ کیا ہے۔اس موقع پر سعید احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’’قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیاسی رہنماؤں اور قبائلی عمائدین کی جانب سے کی جانے والی سخت کوششوں سے بالآخر مہمند ایجنسی میں امن قائم ہو گیا ہے۔ نیشنل بینک نے خطے کے اس حصے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کے لیے علاقے میں اعتماد اسلامی بینکاری کی شاخ کھولی ہے۔ہم تاجروں اور مقامی لوگوں کے لیے اسلامی طریقہ کار پر مبنی فنانسنگ کی سہولت کی منظوری دے رہے ہیں جوانہی مالی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرے گی ۔ اس زبردست پذیرائی کے لیے ہم پولیٹیکل ایجنٹ، محمود اسلم صاحب اور دیگر مقامی عمائدین کے شکرگزار ہیں ۔ہم سرکاری ملازمین کے علاوہ تعلیم یافتہ اور بے روزگار مقامی نوجوانوں کو بھی’ ہمسفر آٹو فنانس پروگرام ‘کے ذریعہ سہولت فراہم کریں گے۔‘‘بینک کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مہمند ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ، محمود اسلم نے کہا،’’ہم مہمند ایجنسی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ علاقہ میں دہشت گردی کے باعث برسوں کی بد امنی کے بعدکمیونٹی کے مالی استحکام اور اعانت کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان فوری طورپر کام شروع کرے گا۔‘‘علازہ ازیں بینک کا مقصد پہاڑی علاقوں میں عمدہ طریقہ سے ماربل کے حصول کی غرض سے فنانسنگ کے اسلامی اصولوں کے مطابق جدید مشینری کی خریداری کے لیے قرض فراہم کرنا بھی ہے۔ اعتماد اسلامی بینکاری تعلیم یافتہ لیکن بے روزگارشہریوں کو بھی پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون پروگرام کے ذریعہ اسی طرح کے قرضوں کی فراہمی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ انہیں مہمند ایجنسی کے مالی استحکام میں شرکت کے قابل بنایا جا
سکے۔نیشنل بینک آف پاکستان کی اعتماد اسلامی بینکاری ایسے علاقوں کو اعانت فراہم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے جو ماضی میں دہشت گرد ی کی کارروائیوں سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔اس مقصد کے لیے ، نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے 10چنگ چی (Qingqi)رکشوں کا اعلان بھی کیا ہے جو تعلیم کے فروغ کی غرض سے طالب علموں کو ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت فراہم کریں گے۔افتتاحی تقریب میں این بی پی اسلامی بینکاری کی ریجنل ہیڈ خیبر پختونخوا، محترمہ صائمہ رحیم کے علاوہ دیگر سینئر افسران اور مقامی اہلکار بھی موجود تھے۔ قبائلی رسم کے مطابق بینک کے صدر کو تحفہ کے طور پر روایتی کلہ لنگی بھی پیش کیا گیا ۔اعتماد اسلامی بینک شریعہ سے مطابقت رکھنے والی پروڈکٹس کی وسیع رینج پیش کرتا ہے جن سے پورے پاکستان میں اسلامی بینکاری کی مخصوص برانچوں کے ذریعہ فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ ہر برانچ رِبا سے پاک کسٹمرز کی مالی ضروریات کے مطابق اسلامی فنانشل ٹرانزیکشن کے تمام پہلووں کا احاطہ کرتی ہے۔