متحدہ پاکستان نے منحرف ارکان اسمبلی کی پارٹی میں واپسی کے لیے مشروط اجازت رکھ دی

 
0
302

کراچی فروری 3 (ٹی این ایس)ایم کیو ایم پاکستان نے منحرف ارکان اسمبلی کی پارٹی میں واپسی کے لیے مشروط اجازت رکھ دی، متحدہ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستارنے کہا ہے کہ منحرف اراکین معذرت کر کے واپس آسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں رابطہ کمیٹی ، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل اور کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ انتخابات اور موجودہ سیاسی صورتحال سمیت ایوانِ بالا کے لیے نامزد کیے جانے والے امیدواران کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایم کیو ایم کا مسلم لیگ ن، فنکشنل لیگ اور تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر گرینڈ اپوزیشن بنانے پر اتفاق کیا گیا جب کہ یہ بھی طے پایا کہ پیپلزپارٹی اور پاک سرزمین پارٹی سے کسی سطح پر کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں منحرف ارکان کو سینیٹ میں ووٹ ڈالنے سے روکنے کے لیے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا گیا جب تمام عہدیداران اس بات پر متفق ہوئے کہ اگر الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کو ایوانِ بالا کے انتخابات تک ڈی سیٹ نہ کیا تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منحرف ارکان کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وہ معذرت کر کے پارٹی میں واپس آجائیں۔خیال رہے کہ پاک سرزمین پارٹی میں اب تک ایم کیو ایم کے دو قومی اسمبلی کے اراکین آصف حسنین، سلمان مجاہد جبکہ سندھ اسمبلی کے اراکین ندیم راضی، شیراز وحید، ڈاکٹر صغیر احمد، ارتضی فاروقی، محمود عبدالرزاق میمن، افتخار احمد سمیت دیگر شامل ہیں، علاوہ ازیں ڈپٹی میئر ارشد وہرہ سمیت کئی بلدیاتی نمائندوں نے بھی پی ایس پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے صوبائی و قومی اسمبلی کے منتخب اراکین سمیت ڈپٹی میئر کراچی ارشدہ وہرہ نے گزشتہ برس پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کی تھی جس کے بعد انہوں نے اپنی نشستیں چھوڑنے کا بھی اعلان کیا تھا تاہم بعد میں مصطفی کمال نے کسی بھی رکن اسمبلی کو استعفے نہ دینے کی ہدایت کی تھی۔