اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے،بچودیوان

 
0
323

نہتے کشمیری مسلمانوں پر انسانیت سوز وحشیانہ مظالم کے جرم میں اقوام متحدہ بھارت کی رکنیت ختم کرے، یوم کشمیر کی تقریب سے خطاب
کراچی، جنوری 05 (ٹی این ایس):
اقوام متحدہ اپنی منظور کردہ قرارداد پر عمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے اور نہتے کشمیری مسلمانوں پر انسانیت سوز وحشیانہ مظالم کے جرم میں بھارت کی رکنیت ختم کرے۔ کشمیر ، فلسطین، روہنگیا ،برما اورشام میں قیامت خیز مظالم مسلم حکمرانوں اور عالمی حقوق انسانی کے اداروں کیلئے چیلنج اورلمحہ فکریہ ہے۔کشمیر سمیت دنیا بھر میں ناگہانی قتل انسانی کو روکنے کیلئے عالمی برادری اپنامؤثر اور بھرپور کردار ادا کرے ۔

یہ باتیں پاک مسلم الائنس کے چیئرمین بچودیوان نے یوم کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں،تقریب سے قائد پاک مسلم الائنس خواجہ سلمان خیرالدین، ڈاکٹرسیدحسین سعید ،دلدارچودھری،مولاناعارف کمال، مفتی محی الدین منصوری،عبدالحافظ صراف ، مولانا عبدالغنی،حسین بخش ودیگر نے بھی خطاب کیا۔بچودیوان نے اپنے خطاب میں کہاکہ نریندر مودی جیسے موذی سانپ کو پٹاری میں بند کرنے کا وقت آچکاہے حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کیلئے علماء حق کی سرپرستی و مشاورت سے شرعی جہاد کا اعلان کرے۔ پاکستان کی غیور، جرأت مند بہادر فوج اسلام و ملت اسلامیہ کی پاسدار ،محافظ ومجاہد فوج ہے۔ آزادی کشمیر کی جدوجہد کو کمزور کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ہماراازلی دشمن ہندوستان آئے روز لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کررہاہے،شاید وہ پاکستان کی امن پسندی کی پالیسی کو کمزوری سمجھتاہے لیکن ہم باور کرادینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،اگر ہندوستان یاامریکانے پاکستان کی طرف میلی آنکھوں سے دیکھاتو ہم ان کی آنکھیں نکالنے میں ذرابھی دیر نہیں کریں گے۔بچودیوان نے کہاکہ ہماراجینااور مرناپاکستان کے لئے ہے اگر اس کی عزت وناموس کے لئے تیس لاکھ بنگالیوں کی جانیں بھی قربان ہوجائیں توہم اسے سعادت سمجھیں گے۔

اس موقع پر پاک مسلم الائنس کے دیگر رہنماؤں نے حکومت اور مقتدراداروں سے اپیل کی کہ وہ ہماری حب الوطنی پر شک کرنے کا سلسلہ بندکرکے بنگالیوں کے بنیادی حقوق فراہم کریں۔