تحریک آزادی کشمیر پاکستان کی تکمیل کی تحریک ہے، خواجہ طارق نذیر 

 
0
473

پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھی ہمسائگی قائم کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے،سیکرٹری جنر ل مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن
کراچی، جنوری 05 (ٹی این ایس):
پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طار ق نذیر نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر پاکستان کی تکمیل کی تحریک ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے ہمسایہ والے تعلقات قائم کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔کہ وہ دن دور نہیں جب ہمارے کشمیری بھائی آزادی کی نعمت سے مالا مال ہونگے ۔مسلم لیگ (ن)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اہل کشمیر کے بنیادی انسانی حقوق اور حق خودارادیت کے حصول کے لئے ان کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیر ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانیوں کا دل ان بہادر کشمیری بھائیوں ، بہنوں ، ماں اور بچوں کے لیے دھڑکتا ہے جو ہر روز قربانی کی نئی داستانیں رقم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہ کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سب سے قدیم تنازع ہے۔ کشمیر جنت نظیر پر ایک صدی سے زائد عرصے سے چھائی ہوئی ظلم وستم کی سیاہ رات نے آج بھی کشمیری قوم کو مایوس نہیں کیا۔ لاکھوں انسانوں کی بے مثال قربانیو ں کے باوجود یہ عظیم قوم آج بھی اپنے پورے قد کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے جمہوریہ کہلانے والے ملک کے سامنے سینہ تان کر کھڑی ہے۔ کشمیری عوام اپنی کئی نسلیں قربان کرنے کے باوجود سبز ہلالی پرچم بلند کئے ہوئے ہیں۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ بھارت گزشتہ ستر برس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت سے انکار کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خوداردیت دینے کا وعدہ کیا تھا ۔و ہ دن دور نہیں جب 70 برس سے سرد خانے میں پڑی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق انشا اللہ مسئلہ کشمیر حل ہوگا۔اس سے نہ صرف پاکستان اور خطے میں امن قائم ہوگا۔ بین الاقوامی طور پر امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی بھرپور مدد ملے گی۔

خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ آج پاکستانی عوام مقبوضہ ریاست میں اپنے بھائیوں اور بہنوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اہل کشمیر کے بنیادی انسانی حقوق اور حق خودارادیت کے حصول کے لئے ان کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی ۔