فاروق ستار ایک بار پھر منالئے گئے، رابطہ کمیٹی کےساتھ معاملات طے پاگئے ہیں جس کے بعد  دو روزہ لفظی گولہ باری تھم گئی

 
0
300

کراچی، فروری 07 (ٹی این ایس): ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں جس کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے درمیان گذشتہ دو دونوں سے جاری لفظی گولہ باری تھم گئی ہے جبکہ فاروق ستار نے آج بلایا گیا جنرل ورکرز کا اجلاس بھی منسوخ کردیا ہے۔
پی آئی بی کالونی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی کے جو جو لوگ میرے گھر پر آئے ہیں وہ میرے بھائی ہیںاور سب بھائیوں کو مل کر کوئی فیصلہ کرنا ہے، کیوں یہ بھائیوں کا معاملہ ہے اور بھائیوں کے درمیان ہی حل ہوگا۔ میں نے کل بھی کہا تھا کہ میں سربراہ ہوں اور دل سے عزت و احترام کا قائل ہوں ،تمام کارکنان نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور ہمارے درمیان کچھ معاملات طے پا گئے ہیں اور جو معاملات رہتے ہیں ان پر کل دوپہر میں بیٹھ کر بات کریں گے۔ رابطہ کمیٹی کے ساتھ میں نے طے کیا ہے کہ  ہم آپس میں محبت میں بڑھائیں اور موجودہ صورت حال میں یہ تاثر بھی قائم نہ ہونے دیں کہ ہمارے درمیان کوئی اختلاف یا نفاق ہے۔آج کے اجلاس کے بعد میں بھی سوچ بچار کروں گا اور رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی سوچ بچار کریں گے اور انہوں نے مجھے یہ بھی یقین دلایا ہے کہ میں ہی ان کا سربراہ اور میں ہی سب کو ساتھ لے کر چلوں۔ ہم نے طے کیا ہے کہ اپنے درمیان ہونے والے اختلافات کو کیسے دور کرتے ہوئے تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ بہادرآباد اور پی آئی بی میں کوئی فرق نہیں، سربراہ کا دل سے احترام ہونا چاہیے اور ایک دوسرے کے لئے دلوں میں جگہ ہونی چاہیے،میرے لیے حوصلے کی بات ہے تمام ارکان چل کرمیرے گھر آئے، یہ دو سیاسی جماعتیں نہیں بلکہ بھائی بھائی سے بات کررہے ہیں، مسئلے کواچھالنے کے بجائے اس کا حل نکالنا ہے اور اختلاف اور اندورنی مسئلے پرکسی اور کو خوش ہونے کاموقع نہیں دینا چاہتے۔، کسی کو یہ موقع نہیں دیں گے کہ وہ ہمارے اختلافات کو اندرونی لڑائی سمجھے۔ ہم کل بھی کسی کشیدگی میں تھے اور نہ آج اس کے متحمل ہوسکتے ہیں۔ اس وقت مسئلہ سینٹ کے انتخابات کا نہیں بلکہ معاملات اس سے آگے بڑھ چکے ہیں تاہم انہیں مل بیٹھ کر حل کرنے کی ضرورت ہے۔