بھائیوں کا معاملہ بھائیوں کے درمیان ہی طے ہوگا، اختلاف کا چرچا کرنے اور اچھالنے کے بجائے مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے ہونا چاہیئے:فاروق ستار

 
0
330

 کراچی، فروری 08 (ٹی این ایس): متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اختلاف کا چرچا کرنے اور اچھالنے کے بجائے مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے ہونا چاہیئے، کارکنوں کا اجلاس ملتوی کرکے رابطہ کمیٹی کو اہمیت دی۔آج(بدھ) کے اجلاس کے بعد میں بھی غور و فکر کروں گا اور وہ بھی سوچ بچار کریں گے۔

پی آئی بی میں واقع اپنی رہائش گاہ کے باہر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمیں آپس میں متحد رہنا ہے، بھائیوں کا معاملہ بھائیوں کے درمیان ہی طے ہوگا، مل جل کر فیصلہ کرلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کا اجلاس ملتوی کرکے رابطہ کمیٹی کو اہمیت دی ہے۔ فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ اختلاف رائے اور تقسیم میں فرق کرنا ہوگا، اختلافات کو پبلک اور میڈیا میں نہیں بلکہ آپس میں طے کرنا ہے، آج کے اجلاس کے بعد میں بھی غور و فکر کروں گا اور وہ بھی سوچ بچار کریں گے۔ اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد فاروق ستار کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوئی اور مسلسل نعرے بازی کرتی رہی، جس پر فاروق ستار نے کارکنان کو بار بار نعرے بازی کرنے سے منع بھی کیا۔