واٹربورڈ  کی طرف  سےشہرقائد کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آج بھرپور آپریشن کیا جائے گا، پولیس مدد طلب 

 
0
296

کراچی، فروری 15 (ٹی این ایس): ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی کی خصوصی ہدایت پر واٹربورڈ شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آج (جمعرات ) سے بھرپور آپریشن کا آغاز کررہاہے ، واٹربورڈ نے پولیس سے مدد طلب کرلی ہے ، واٹربورڈ کے واٹر ٹرنک مین ڈویژن کے حکام ،خصوصی ڈسکنکشن اسکواڈ ،چیف سیکورٹی آفیسر کوعملے اور بھاری مشینری سمیت 24 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔

آپریشن دن و رات کے کسی بھی پہر اچانک کیا جائے گا ،مقام اور وقت کو انتہائی خفیہ رکھنے کا فیصلہ ،آپریشن میں حصہ لینے والے حکام اور عملے کو بھی عین وقت پر آپریشن کے وقت اور مقام سے آگاہ کیا جائے گا، اس دوران شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرکے شہریوں کو ہی غیر قانونی طور پر مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی ، انہیں قانونی کی گرفت میں لاکر پانی چوری کے نئے قانون کے تحت مقدمات درج کرائے جائیں گے۔غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف شہریوں کی جانب سے ملنے والی اطلاعات پر غیرقانونی ہائیڈرنٹس کو مسمار اور پانی چوری میں استعمال ہونے والا سامان ضبط کرلیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر سید ہاشم رضا زیدی نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف بھرپور اور موثر آپریشن کی ہدایات جاری کردی ہیں ، اس سلسلے میں شہر کے مختلف اضلاع میں واٹربورڈ کا خصوصی ڈسکنکشن اسکواڈ ،چیف سیکیورٹی آفیسر اور ان کے عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیدیا گیا ہے ، آپریشن کو انتہائی خفیہ رکھا جائے گا حتی کہ آپریشن میں حصہ لینے والے حکام اور عملے کو بھی عین وقت پر آپریشن کے وقت اور مقام سے آگاہ کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں واٹربورڈ کے چیف سیکیوریٹی آفیسر میجر (ر) نواز گوندل نے متعلقہ اضلاع ایس ایس پیز کو پولیس فورس کی فراہمی کیلئے مکتوب ارسال کردیئے ہیں جبکہ دیگر متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے،آپریشن کے دوران شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً مضافات میں دن و رات کے مختلف پہر اچانک چھاپے مارے جائیں گے ، شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والے غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو مسمار کرکے ان کے مالکان اور عملے کو گرفتار کیا جائے گا اور متعلقہ تھانوں میں پانی چوری کے نئے قانون کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمات کا اندراج کرایا جائے گا ،پانی کی چوری اور اس کی غیر قانونی فروخت میں استعمال کیا جانے والا سامان اور ٹینکروں کو بھی ضبط کرلیا جائے گا ۔