کرپشن کیس، شرجیل میمن سمیت 12 ملزمان پر فرد جرم عائد،سماعت3مارچ تک ملتوی 

 
0
11917

کراچی فروری 15(ٹی این ایس)مقامی احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب کرپشن کیس میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے سماعت 3مارچ تک ملتوی کردی ۔جمعرات کوکراچی کی احتساب عدالت میں محکمہ اطلاعات کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سمیت کیس میں نامزد بارہ ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سمیت دیگر ملزما ن پر فرد جرم عائد کردی۔ جج نے کمرہ عدالت میں موجود ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا ہے۔شرجیل میمن کے ساتھ فرد جرم عائد ہونے والے ملزمان میں ذوالفقار علی شلوانی، یوسف کابرو، انعام اکبر، سلمان منصور، منصور احمد راجپوت، گلزار علی، منصور ہاشمی، الطاف حسین میمن، عمر شہزاد،سید نوید اور مسعود ہاشمی شامل ہیں۔فرد جرم عائد کرنے پر ملزم انعام اکبر کے وکیل کی جانب سے اعتراض دائر کیا گیا۔ اعتراض میں کہا گیا کہ مقدمہ میں فرد جرم نہیں بنتی، میری درخواست سنی جائے بعدازاں احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی۔اس سے قبل سابق وزیر کو سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب میں ملزمان ذاتی مچلکوں پر رہا ہو رہے ہیں۔ سندھ میں الگ قانون اور پنجاب میں الگ قانون کیوں ہے؟۔انہوں نے کہا کہ آئین سب سے ایک جیسے سلوک کا کہتا ہے۔میں چیف جسٹس سے اپیل کروں گا کہ نیب کا دہرا معیار کیوں ہے اس پر ازخود نوٹس لیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم جواب دیں، دہرا معیار کیوں۔ ٹرائل سے نہیں بھاگ رہے، مجھے کوئی پکڑ کر نہیں لایا۔ بیماری کے باوجود میں نے خود کو پیش کیا۔شرجیل میمن نے کہاکہ جب ملک میں تھا تو میرے خلاف کوئی مقدمہ نہیں تھا۔ نیب سے پوچھیں غیر موجودگی میں نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں کیوں ڈالا جبکہ شریف خاندان پاکستان میں ہونے کے باوجود قانون سے بالاتر کیوں ہیں ۔اس موقع پر سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کو مخاطب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ اب سوال چوہدری نثار سے بنتا سے ہے ان کی قیادت کانام ای سی ایل میں ڈالا جائے یا نہیں، خود ساختہ ایماندار چوہدری نثار بولیں اب کیا بولتے ہیں۔سابق ایس ایس پی ملیر کے بارے میں شرجیل میمن نے کہا کہ راؤ انوار کے معاملے پر کورٹ اپنا کام کر رہی ہے مگر میں سمجھتا ہوں کہ راؤ انوار کو مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔ایم کیو ایم میں اختلاف کے حوالے سے سابق وزیر اطلاعات نے کہاکہ ایم کیو ایم سے نظریاتی اختلاف ضرور ہیں مگر خواہش یہ ہے کہ ایم کیو ایم دھڑون کو اب اتحاد آپس میں کر لینا چاہیے۔شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لئے پیپلز پارٹی بہترین آپشن ہے، کراچی کے شہری پیپلزپارٹی کو ووٹ نہ بھی دے تب بھی پیپلزپارٹی کراچی شہر کی خدمت کرے گی۔نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں صاحب پی سی اوججزکوبرابھلاکہہ رہے ہیں، نوازشریف ان کی بحالی کیلئے تحریک بھی چلاتے رہے ہیں، جب میاں صاحب کے گھر کو آگ لگتی ہے تو اداروں کو نشانہ بناتے ہیں۔شرجیل میمن نے کہاکہ ملک میں نیب کاقانون یکساں ہوناچاہیے ، پیپلزپارٹی کسی کی حمایت کرتی ہے نہ کسی کے خلاف ہے، ملک میں ایک نظام ہے توقانون بھی ایک ہی ہوناچاہیے۔