پاکستانی عوام نواز شریف اور نظریہ پاکستان کے ساتھ ہیں ، انصاف کا دہرا معیار ختم ہونا چاہیے‘مشتاق منہاس

 
0
287

راولپنڈی فروری 20(ٹی این ایس)آزادجموں وکشمیر کے وزیراطلاعات ، سیاحت وآئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نواز شریف اور نظریہ پاکستان کے ساتھ ہیں ، انصاف کا دہرا معیار ختم ہونا چاہیے ، نواز شریف ووٹ کی طاقت سے ملک کو معاشی اور اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لیے ملک بھر میں عوام کی عدالت میں جار ہے ہیں، پوری قوم نواز شریف کے ساتھ تھی ، ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی۔قائد پاکستان محمد نوا ز شریف کے سچے اور کھرے ساتھی ،وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے لیے ختم نبوت ﷺ کے سپاہی کا خطاب مسلم لیگ ن کے لیے باعث اعزاز ہے۔ وزیراطلاعات نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ یوتھ ونگ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے راجہ شانی خان اور راجہ حسن کی قیادت میں وزیراطلاعات سے ملاقات کی۔ راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ دلوں کے وزیراعظم نواز شریف کی خدمت کی سیاست نے اسلام ، پاکستان اور ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ سمجھداری اور اصولوں کی سیاست کی ہے۔انہوں نے کہاکہ انصاف کے لیے ترازو ایک ہی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں الیکشن کے نتائج کے بعد جھوٹوں کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لیے بند ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ سوچ رہے تھے کہ نواز شریف کو اقتدار سے ہٹا کر مقاصد حاصل کر لیں گے آج وہی لوگ پریشان ہیں اور اب جان چھڑانے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن خدمت اور کام کابنیاد پر الیکشن میں جائے گی اور ہم اللہ تعالی ٰ کے فضل وکرم سے یہ الیکشن بھی بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے وزیر اعلی ٰ
شہباز شریف کی قیادت مین راولپنڈی شہر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر راولپنڈی ڈویژن میں اپنے قائدین کے شانہ بشانہ رہے گی۔راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ میں بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کر کے راولپنڈی نے پہلا نمبر لیا اور آئندہ بھی راولپنڈی مسلم لیگ ن اور محمد نواز شریف کے چاہنے والوں کا گڑھ ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ محمدنواز شریف نے اس ملک کو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دیا، خیبر سے کراچی ،ہزارہ موٹروے،میٹروبس ،ہسپتال، سکول ، کالجز ، سڑکوں کاجال بچھایا اور یہی وہ کام ہیں جو قائد پاکستان کو دیگر رہنماؤں سے ممتاز کر تے ہیں۔