دنیا کی کوئی قوت نواز شریف کو کارکنوں کی قیادت سے نہیں روک سکتی،علی اکبر گجر 

 
0
331

کراچی،فروری 23 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کی سیاست کو پابند سلاسل کرنا ممکن ہے نہ قیادت کو حرف غلط کی طرح مٹانا ممکن ہے.پاکستان مسلم لیگ(ن) پاکستانی قوم کی رگوں میں رچ بس چکی ہے. مخالفین کی ہر کوشش میاں محمد نواز شریف کے سیاسی قد میں اضافے کا پیغام لاتی ہے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کو مزید متحد اور طاقتور بناتی ہے.تاریخ میاں محمد نواز شریف کے ہاتھوں بڑی خدمات لینے کی طرف جا رہی ہے. قوم کسی بھی نرسری سے مستعار لئے گئے لیڈر کو قبول نہیں کرے گی. میاں محمد نواز شریف سامنے ہوں یا پس پردہ مسلم لیگ(ن) کی سیاست کی چابی انہی کے ہاتھوں میں رہے گی. پاکستان کی سیاست نئے اطوار کی طرف بڑھ رہی ہے جہاں میاں محمد نواز شریف کا کردار عالمی سیاست کے بڑے ناموں کی صف میں نظر آئے گا. عدالت عظمی کے فیصلے قائد میاں محمد شریف کے خدشات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ ملک میں احتساب کی بجائے انتقام کی سیاست کا آغاز ہوچکا ہے. پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاریخ ساز کارنامے اور خطے کی حیثیت میں عظیم تبدیلیاں لانے کے اقدامات میاں محمد نواز شریف کے لئے جرم بنا دئیے گئے ہیں. تما م تر من چاہے اقدامات اور فیصلوں کے باوجود کروڑوں مسلم لیگی کارکنوں کے دلوں میں میاں محمد نواز شریف کی محبت کو ختم کرنا ممکن نہیں.

علی اکبر گجر نے کہا کہ دنیا کی کوئی قوت میاں محمد نواز شریف کو پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی رہنمائی سے نہیں روک سکتی. پاکستان میں جمہوریت کو ہر دور میں غلام بنا کر رکھنے کی کوشش کی گئی اور عوام کی مقبول قیادت کو عوام سے دور رکھنے کی کوششوں کی گئیں لیکن دنیا کی تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے کہ کوئی قانون کوئی ضابطہ کوئی آمر آج تک عوام کی محبوب اور مقبول قیادتوں کو عوام سے دور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا. علی اکبر گجر نے کہا کہ ہم عدالتی فیصلوں کو اپنی قوت بنا کر میاں محمد نواز شریف کو تاحیات منصب وزارت عظمی پر فائز کر کے دنیا پر ثابت کریں گے کہ میاں محمد نواز شریف ہر پاکستانی کے سینے میں دل کی دھڑکن کی طرح حکمران ہیں.