وزیراعلی سندھ کی طرف سے تمام سرکاری اسپتالوں میں بلاتعطیل صبح 8 سے رات 8 بجے تک بچوں کی او پی ڈی جاری رکھنے کی ہدایت

 
0
288

کراچی،فروری 23 (ٹی این ایس):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی محکمہ صحت کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جن اسپتالوں میں نئے ڈاکٹرز بھرتی کئے گئے ہیں وہاں بلاتعطیل صبح 8 سے رات 8 بجے تک بچوں کی او پی ڈی جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کو معیاری طبی و تشخیصی سہولیات کی فراہمی بغیر کسی بریک کے بروقت میسر ہوں، اس حوالے سے انھوں نے محکمہ صحت کو جلد از جلد جامع پلان بناکر رپورٹ کرنے کے احکامات دیتے ہوئے تجویز بھی دی کہ صوبے کے اسپتالوں میں او پی ڈی کیلئے ڈاکٹرز کی شفٹنگ بنائیں۔

انہوں نے بچوں کی او پی ڈی کوخودکار طریقہ سے چلانے سے متعلق محکمہ صحت کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے بھی مجھے ایک تفصیلی پلان بناکر دیں تاکہ جلد عملدرآمد کرایا جاسکے۔ وزیراعلی سندھ نے محکمہ صحت کو سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈی ، لیب ٹیسٹ اور ایمرجنسی وارڈز سمیت اندراج کے عمل کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا اور مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مکمل پلان بنائیں تاکہ عوام صحت جیسی بنیادی حقوق سے فیضیاب ہوسکیں۔