ن لیگ کے مشتاق ڈار نے عائشہ گلالئی کو الزامات لگانے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا،10دن میں الزامات کی وضاحت یا 10 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ

 
0
685

لاہور، فروری 26 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے نائب صدر مشتاق ڈار نے عائشہ گلالئی کو الزامات لگانے کی وجہ سے قانونی نوٹس بھجوا دیا۔نوٹس میں کہا گیا کہ عائشہ گلالئی 10 یوم میں ان الزامات کی وضاحت دیں یا 10 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں بصورت دیگر انکے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔نوٹس میں عائشہ گلالئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ آپکی غلط بیانی سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔

مشتاق ڈار کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی نے بغیر کسی ثبوت کے خلاف آئین دو اداروں کے ٹکرائوکا بیان جاری کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عائشہ گلالئی اپنے بیان کی وضاحت دیں کہ کس نے انہیں ریاستی ادارے کے خلاف بات کرنے کو کہا۔خیال رہے کہ 16 فروری کو عائشہ گلالئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جانب سے انہیں اور ان کے والد کو ریاستی ادارے کے خلاف پراپیگنڈا کرنے کی شرط پر سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹ دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔