معروف صنعتکار اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنمااشتیاق بیگ کی زیر قیادت وفد کی صدر مملکت سے ملاقات

 
0
2453

کراچی، فروری 26 (ٹی این ایس): صدر مملکت ممنون حسین سے گزشتہ روز معروف صنعتکار اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مرزا اشتیاق بیگ کی زیر قیادت پاکستان کے معروف بزنس مینوں پر مشتمل وفد نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔
دوران ملاقات اشتیاق بیگ نے مسلم لیگ (ن) حکومت کی کارگردگی کا گزشتہ حکومت سے موازنہ پیش کرتے ہوئے کراچی میں امن و امان کی بحالی، دہشت گردی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے، انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور اکنامک گروتھ جیسے اقدامات پر موجودہ حکومت کو سراہا۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ کراچی پاکستان کا اہم شہر اور معاشی حب ہے، اُنہیں یہ سن کر خوشی ہوئی کہ بزنس کمیونٹی نے 2013ء کے 2000 ارب روپے ریونیو کے مقابلے میں رواں سال 4000 ارب روپے ریونیو ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ گرین لائن بس پروجیکٹ، K-4 واٹر پروجیکٹ، لیاری ایکسپریس وے اور مختلف انفرااسٹرکچر منصوبے وفاقی حکومت کے اہم اقدامات ہیں۔ دوران ملاقات صدر مملکت نے میٹنگ منعقد کرنے پر اشتیاق بیگ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس موقع پر وفد میں شریک معروف صنعتکاروں اور بزنس مینوں بشیر جان محمد، امتیاز حسین عباسی، فیصل حسین، زاہد سعید، آصف نثار، حسن بخشی اور میاں زاہد حسین نے مسلم لیگ (ن) حکومت کو اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔