ٹائیگر شروف کی فلم ’’باغی 2‘‘ کے گانے نے دھوم مچادی

 
0
1507

ممبئی،مارچ 5(ٹی این ایس):بالی ووڈ کے ہیرو ٹائیگر شروف کی فلم ’’باغی 2 ‘‘ کے گانے نے آتے ہی دھوم مچادی۔بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو ٹائیگر شروف صرف نام کے ہی ٹائیگر نہیں بلکہ انہوں نے اپنے مارشل آرٹ کے فن اور اداکاری سے فلمی شائقین اور فلم سازوں کو ایسا گرویدہ بنایا ہے کہ ہر کسی کی پہلی ترجیح بن گئے ہیں جب کہ مداحوں کو بھی ان کی سپر ہٹ فلموں کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ مداح ان کی نئی آنے والی فلم ’’ باغی‘‘ کے سیکوئل کا بڑی شدت سے انتظار کررہے ہیں جس کے ٹریلر کے بعد اب گانے نے بھی دھوم مچادی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’باغی 2‘‘ کا پہلا گانا ’’منڈیاں تو بچ کے رہیں‘‘ جاری کردیا گیا ہے۔گانے کو جنی دیوان نے لکھا ہے جس کی موسیقی سندیپ شرودکر نے ترتیب دی جب کہ نوراج ہنس اور پلک موچل نے اپنی آواز سے جادو جگایا ہے۔ ’’باغی 2‘‘ کے گانے کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے جسے یوٹیوب پر اب تک ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔واضح رہے کہ فلم ’’باغی 2‘‘ میں ٹائیگر شروف کے ہمراہ دیشا پٹانی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں یہ فلم 30 مارچ 2018ء کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔