امریکی صدر ٹرمپ کا چینی صدر کو تاحیات عہدہ دینے کی پیشکش کا خیر مقدم

 
0
274

واشنگٹن،مارچ 5(ٹی این ایس):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کو ان کی جماعت کی جانب سے تاحیات صدارت کا عہدہ دیے جانے کی پیشکش کا خیر مقدم کردیا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے غیر ملکی میڈیا سی این این کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فلوریڈا میں امریکی صدر نے اپنے ریزورٹ پر فنڈریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کی حکومتی جماعت کے فیصلے کا مسکراتے ہوئے خیر مقدم کیا۔71 سالہ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ اب تاحیات صدر ہیں جس پر عوام نے دبی دبی مسکراہٹ پیش کی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دیکھیں انہوں نے ایسا کردیا اور مجھے لگتا ہے یہ بہت اچھا ہے‘ جس پر عوام نے قہقہے لگانے شروع کردیئے۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ شاید ہمیں بھی کبھی ایسا کرنا چاہیے۔امریکی حکمراں کے طنزیہ لہجے کے باوجود ان کے الفاظ پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کئی افراد نے ٹوئٹ کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔کیلیفورنیا کے کونگریس مین اور ڈیموکریٹ جماعت سے تعلق رکھنے والے رو کھنہ کا کہنا تھا کہ یہ مذاق ہو یا نہیں لیکن شی جن پنگ کی طرح تاحیات صدر بنانے کی بات امریکی صدر کیاجانب سے انتہائی غیر امریکی جذبات تھے۔خیال رہے کہ چین کی حکمراں جماعت نے شی جن پنگ کو تیسری مرتبہ چین کا صدر منتخب کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے آئین میں ترمیم کی تجویز پیش کی گئی تھی۔واضح رہے کہ چین کے موجودہ آئین کے مطابق ایک شخص صرف دو ادوار کے لیے چین کا صدر منتخب ہو سکتا ہے اور ایک دور 5 سال پر مشتمل ہوگا۔چینی آئین کے تحت صدر شی جن پنگ کی مدت صدارت 2023 میں ختم ہو جائے گی۔64 سالہ صدر کا دور 2013 سے شروع ہوا جبکہ انھیں موجودہ نظام کے مطابق 2023 میں اپنا عہدہ چھوڑنا تھا۔