پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کسی طالبعلم تنظیم کے دباوٗ میں نہیں آئے گی، ترجمان پنجاب یونیورسٹی

 
0
361

لاہور ،مارچ 8(ٹی این ایس):پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کسی طالبعلم تنظیم کے دباوٗ میں نہیں آئے گی اور ہنگاموں میں ملوث تمام طلباء کے خلاف ضابطے کی کارروائی قانون کے مطابق کی جائے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سزا یافتہ طلباء کو مضبوط اور ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر یونیورسٹی سے نکالا گیا ہے اور دیگر سزائیں دی گئی ہیں ۔ ان طلباء کے تعلیمی ریکارڈ میں بھی مسائل پائے گئے ہیں۔ تاہم یہ طلباء قانون کے مطابق وائس چانسلر کو سزاوٗں کے خلاف اپیل جمع کرانے کا حق رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچ و پشتون طلباء کی بھاری اکثریت سنجیدہ اور پر امن طلباء پر مشتمل ہے تاہم ان گروپس سے وابستہ آٹھ سے دس افراد بیرونی عناصر کی مدد سے یونیورسٹی کا ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کا مصمم ارادہ ہے کہ کیمپس میں امن ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا۔