بچوں کے بعد ریٹائرڈ ملازمین بھی حوثیوں کی جنگ کا ایندھن

 
0
1098

صنعاء مارچ 10(ٹی این ایس)یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی طرف سے بچوں کو جنگ میں جھونکے جانے کے حربوں کے بعد افرادی قوت پوری کرنے کے لیے ریٹائرڈ ملازمین کو بھی جنگ کا ایندھن بنانے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثی باغیوں نے ملک میں افرادی قوت پوری کرنے کے لیے رضاکارانہ بھرتی مہم شروع کی تھی۔ اب ایک قدم اور آگے بڑھ کر باغیوں کی طرف سے سابق ملازمین کو بھی جنگ میں جھونکنے کے لیے جبری بھرتی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔حوثیوں نے اپنے زیرتسلط علاقوں میں سابق فوجی اور سول ملازمین کو جنگ کے لیے بھرتی ہونے اور انہیں تنخواہوں کا لالچ دے کر بندوق تھمانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔حوثیوں کی طرف سے نئی بھرتیوں کے لیے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ کمیٹیاں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور سابق فوجی اہلکاروں کو ماہانہ بنیادوں پر تنخواہوں پر بھرتی کر رہی ہیں۔ تنخواہوں کا لالچ دینے کے ساتھ ساتھ باغی دیگر حربوں کے ذریعے بھی شہریوں کو بھرتی کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔