یمن، اَبین صوبے کو القاعدہ سے پاک کرنے کے لیے جاری آپریشن مکمل

 
0
342

صنعاء مارچ 13(ٹی این ایس)یمن کے صوبے اَبین کو القاعدہ تنظیم کی باقیات سے پاک کرنے کے لیے جاری فوجی آپریشن اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ آپریشن میں یمنی فوج اور سکیورٹی فورسز کو سعودی عرب کے زیر قیادت عرب اتحاد کی فوج کی معاونت بھی حاصل رہی اور اس دوران ریکارڈ مدت میں بڑی کامیابیوں کو یقینی بنایا گیا۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ اَبین صوبے کے بڑے ضلعے المحفد اور 25 کلو میٹر طویل وادی حمارا کو القاعدہ کے مسلح عناصر سے مکمل طور پر پاک کر دیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس اہم فوجی آپریشن کے ذریعے یمن کے دو صوبوں اَبین اور شِبوہ میں القاعدہ تنظیم کے وجود کا خاتمہ کر دیا گیا۔ اس سے قبل حضرموت صوبے کی وادی المسینی میں بھی ایک دوسرے عسکری آپریشن کے ذریعے القاعدہ کے عناصر کا قلع قمع کر دیا گیا تھا۔القاعدہ تنظیم کے خلاف عسکری مہم جوئی کے دوران ایسے گوداموں کا انکشاف ہوا جہاں بڑی تعداد اور مقدار میں میزائل ، گولہ بارود ، دھماکا خیز آلات اور توپ کے گولے موجود تھے۔ علاوہ ازیں آپریشن کے دوران القاعدہ تنظیم کے ارکان کی ایک بڑی تعداد ہلاک اور گرفتار جس میں محسن باصبرین سمیت کئی اہم کمانڈر شامل ہیں۔