اگر میں بد عنوان ہوں تو پھر کوئی دیانتدار نہیں،نیب کو کسی اور کے حکم پر کردار کشی سے گریز کرنا چاہئے: سعد رفیق

 
0
456

لاہور، مارچ  16 (ٹی این ایس) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نیب پر کبھی اعتماد نہ تھا، یہ ادادہ مشرف نے مخالفین پر دباؤ ڈالنے کے لئے بنایا، مجھ سے ریلوے کی حالت بدل ڈالنے کا کریڈٹ بھی چھیننا چاہتے ہیں، چھُپ کر حملے کرتے ہو ، یہ کہاں کا قانون اور حب الوطنی ہے؟ تحقیق اور جانچ پڑتال ضرور کریں، تذلیل نہ کریں۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر میں بد عنوان ہوں تو پھر کوئی دیانتدار نہیں،نیب کو کسی اور کے حکم پر کردار کشی سے گریز کرنا چاہئے، یہ کردار کشی پہلے کرتے ہیں جانچ پڑتال بعد میں,پہلے سپانسرڈ ٹی وی پروگرام ، پھر ٹکرز پھر بلاوا آتا ہے، ہمیں رسوا کرنے اور متنازعہ بنانے کے لئے ماحول بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی خدمت کا صلہ دیں نہ دیں اسکی سزا تو نہ دیں، سول بالا دستی اور آئین و قانون کے ہر داعی کے چہرے پر کرپشن کی سیاہی ملی جا رہی ہے،سارا کھیل ہمیں گندا کر کے لوگوں کو ہم سے دور کرنے کے لئے ہے۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ روز دھمکیاں وصول کرکے جذب کرتا ہوں اور خاموشی سے مسکرا دیتا ہوں، ترکی بہ ترکی جواب دینے کے لئے اُکسایا جا رہا ہے، اللہ اس ملک پر رحم فرمائیں،ہم قومی ادارے پاؤں پر کھڑے کرتے ہیں ، آپ ہم سے بدلہ لینے کے چکر میں انھیں برباد کرنے پر تُلے ہیں۔