انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلا م آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کے زیر صدارت کرائم و سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس

 
0
401

اسلام آباد مارچ 16(ٹی این ایس)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلا م آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کے زیر صدارت کرائم و سکیورٹی کے حوالے سے سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی آپریشنزو سکیورٹی وقار احمد چوہان،ایس ایس پی آپریشنز نجیب الرحمان بگوی،ایس ایس پی سکیورٹی و سپیشل برانچ جمیل احمد ہاشمی،ایس پی انوسٹی گیشن،تمام زونل ایس پیز،ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز،لیگل برانچ کے افسران نے شرکت کی۔

آئی جی اسلام آباد نے کر ائم کی صورت حا ل کا جا ئز ہ لیا اور احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سات ماڈل پولیس تھانہ جات کی مانیٹرنگ کی جائے اور باقی تھانہ جات کے رپورٹنگ رومزمیں بھی ماڈل تھانہ جات کی طرز پر کام کو جاری رکھا جائے۔اس حوالے سے شہریوں کا فیڈ بیک بھی لیا جائے۔تمام تھانہ جات کے ریکارڈ کو روزانہ کی بنیادوں پر کمپیوٹرائزڈ کیا جائے اور تھانہ جات کے نظام کو پیپر لیس بنایا جائے۔سنٹرل پولیس آفس میں 80فیصد کام کو پیپر لیس بنادیا گیا ہے۔ایف آئی آر کی فری رجسٹریشن کے متعلق پہلے سے واضح احکامات دئیے گئے ہیں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور سوشل میڈیا پر آنے والی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔

آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ سوشل کرائم کے متعلق زیروٹالرنس کی پالیسی ہے اور نارکوٹکس اور شراب فروشوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ایسے ناسور جو ہماری آنے والی نسلوں کو تباہ کررہے ہیں ان کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے خصوصا تعلیمی اداروں میں منشیات کی شکایات ناقابل قبول ہیں۔اس سلسلہ میں تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں آگاہی مہم بھی چلائیں۔489Fاور 406ت پ پر ایس او پیز ختم کر دی گئی ہیں ایسی درخواستوں پر میرٹ اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔قبضہ مافیا کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے اور ایسے افسران جن کے خلاف قبضہ مافیا سے متعلق شکایت موصول ہوئی اس کو محکمہ سے برخاست کر دیا جائے گا۔آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگلی میٹنگ سے پہلے زیادہ سے زیادہ مقدمات کے چالان مکمل کر کے عدالتوں میں بھجوائے جائیں ان میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے مال مسروقہ کی برآمدگی کویقینی بنایا جائے۔تما م گیسٹ ہاؤسز کی مانیٹرنگ کی جائے اس سلسلہ میں ہوٹل آئی کے نام سے موبائل اپلیکیشن بھی متعارف کروائی گئی ہے جو بھی شخص کسی گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرے تو وہ ایپ کے ذریعے اپنی انٹری کروائے۔

سلطان اعظم تیموری نے مزید کہا کہ اگلے جنرل الیکشنز کے سلسلہ میں ابھی سے سکیورٹی پلان ترتیب دینا شروع کر دیں اور کسی بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل بنایا جائے۔کرپشن پر زیروٹالرنس کی پالیسی ہے اور اگر اس میں کوئی آفیسر ملوث پایا گیا تو اس کو محکمہ سے برخاست کیا جائے گا اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیس ایک مقدس پیشہ ہے اس مقدس پیشے کی بے حرمتی کرنے والے افسران کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔ْاشتہاری اور عدالتی مفروران کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کیا جائے۔سنٹرل پولیس آفس سے بھیجی جانے والی شکایات پر بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقررہ وقت میں جواب سی پی او کو ارسال کیا جائے۔اسی طرح بذریعہ ای میل،وٹس ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کا بھی ازالہ کیا جائے۔ریسکیو ون فائیو کی کالز پر فوری ریسپانس دیا جائے۔آئی جی نے مزید کہا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کرنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور ہمیشہ عوام الناس کے لئے اپنے دروازے کھلے رکھیں اس سلسلہ میں بھی کوئی معافی نہیں ہو گی۔