تحریک انصاف کا پاکستان براڈ کاسٹرزایسوسی ایشن کو مراسلہ، ملکی معیشت کی ابتر صورتحال اور پاکستان کی قومی سلامتی پر اس کے مہلک اثرات کے پیشِ نظر معیشت کو میڈیا پر زیر بحث لانے کی اپیل

 
0
369

اسلام آباد، مارچ 22 (ٹی این ایس):تحریک انصاف نے پاکستان براڈ کاسٹرزایسوسی ایشن  سے اپیل کی ہے کہ  وہ ملکی معیشت کی ابتر صورتحال اور پاکستان کی قومی سلامتی پر اس کے مہلک اثرات کے پیشِ نظر معیشت کو میڈیا پر زیر بحث لائے

یہ اپیل  پارٹی کی  مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ افتخار درانی کی طرف سے بھیجے گئے ایک مراسلہ میں کی گئی ہے۔

مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ  وفاقی حکومت کی ناقص معاشی حکمت عملی کے باعث معیشت کے بیشتر اشاریے بدترین کارکردگی کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ روپے کی قدر میں غیر معمولی کمی اور ملکی معیشت کو پہنچنے والے صدمے کے پیش نظر ہی چیئرمین تحریک انصاف نے آج اسلام آباد میں ملکی معیشت پر خصوصی پریس کانفرنس کا فیصلہ کیا اور یہ ملکی معیشت کو قومی سیاسی منظر نامے پر لانے کے لیئے مسلسل کوشش کی ایک کڑی تھی۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے مستقبل، سلامتی اور استحکام کے حوالے سے اس اہم معاملے کو قومی بیانیے کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہےاورمیڈیا کے بھرپور تعاون کے بغیر مطلوبہ اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ کمزور معیشت براہ راست ہماری قومی سلامتی اور اندرونی استحکام پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے اوراس کے ساتھ ملکی معیشت میں اتار، چڑھاؤ براہ راست عوام الناس کی زندگیوں پر بھی اثرانداز ہوتے ہیں۔

مراسلہ میں  براڈکاسٹرس کو کہا گیا ہےکہ آپ سے التماس ہے کہ نیوز اور کرنٹ افیرز دونوں میں ملکی معیشت کے حوالے سے خبروں، رپوٹوں اور پروگراموں کا حصہ اور دورانیہ بڑھایا جائے،پاکستان تحریک انصاف اس حوالے سے آپ کی مکمل معاونت کیلئے تیار ہے اور ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ قومی مفاد میں کی جانے والی ہر کاوش کا ہم نہ صرف خیر مقدم کرینگے بلکہ آگے بڑھ کر حتی المقدور کردار بھی ادا کرینگے۔