نواز کا  دورہ حکومت  زرداری  سے بھی برا نکلا: عمران خان

 
0
369

اسلام آباد، مارچ 22 (ٹی این ایس): چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا  ہے کہ زرداری کا دور حکومت براسمجھاجاتاتھالیکن نوازشریف کادوراس سے بھی برانکلا،زرداری کے 5سالہ دور میں8ہزار ارب کا قرضہ لیا گیا جبکہ نواز شریف کے د ور میں 4 سال کے دوران 10 ہزار ارب قرض لیاگیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ زرداری دور میں گردشی قرضے 480 ارب تھے جبکہ نواز شریف دور میں یہ قرضے بڑھ کر500 ارب تک جا پہنچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی پر 3فیصدسرچارج لگادیا گیا جس کاخمیازہ عوام کوبھگتناپڑرہاہے۔انھوں نے کہا کہ نوازشریف کی حکومت نے ریکارڈ قرضے لیے ہیں اور اسحاق ڈارنے معیشت سے متعلق جھوٹ بولے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دورحکومت میں پاکستان کی برآمدات کم ہوئیں، ہماری بجلی اورگیس مہنگی ہے جس کی وجہ سے ایکسپورٹ نہیں بڑھ رہی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے عوام پربوجھ بڑھ رہا ہے، حکومت نے ہرچیز پر سرچارج لگایا ہواہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ پرویز مشرف کے دور کے بعد ہر چیز نیچے جانا شروع ہوگئی، برصغیر میں دوسرے ممالک اوپر اور ہم نیچے جارہے ہیں۔عمران خان کہتے ہیں کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اسحاق ڈار کا کیس نہیں سن رہی، کئی کئی ماہ کیس چلتا ہے پھر بینچ ٹوٹ جاتا ہے ۔پاکستان میں 10 ارب ڈالر سالانہ منی لانڈرنگ کی جاتی ہے،جہاں کاوزیراعظم منی لانڈرنگ کرتاہووہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔آج ملک کے معاشی حالات کی وجہ کرپشن ہے،ایک طرف قرضے لے ر ہے ہیں تو دوسری طرف درآمدات54ارب ڈالرتک پہنچ چکی ہیں۔