سرینگر، مارچ 25 (ٹی این ایس):قابض بھارتی فوج نے ضلع اسلام آباد کے علاقے ڈورو میں شاسترگام کے مقام پر 2 کشمیری نوجوانوں کو کارروائی کے دوران نشانہ بنایا جس کے بعد اسلام آباد کے ڈورو، دیال گام سمیت دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جہاں مظاہرین نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔
بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی، جس کے بعد فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور اس دوران متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
دوسری جانب مقامی انتظامیہ نے سری نگر اور بانہال کے درمیان ریل سروس اور کولگام اور اسلام آباد کے اضلاع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کو بھی معطل کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے حریت رہنما مختار احمد وازہ کو اسلام آباد کے علاقے لاری پورہ سے اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔