انجمن تاجران کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ ماہ بھی اضافے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار 

 
0
382

لاہور ،مارچ 25(ٹی این ایس):آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ ماہ بھی اضافے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے ہونے والے مسلسل اضافے سے کاروباری حالات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں،حکومت پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی بجائے اس پر وصول کئے جانے والے ٹیکسز کی شرح میں کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف مارکیٹوں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ تاجر رہنماؤں نے تجارتی مراکز میں تجاوزات ، بجلی اور ٹیلیفو ن کی لٹکتی ہوئی تارو ں کے حوالے سے اپنی شکایات سے آگاہ کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ٹیکسز کی صورت میں قومی خزانے میں بڑا حصہ ڈالنے والا تاجر طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے لیکن حکومت کی جانب سے کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات ہیں کہ حکومت آئندہ ماہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے جارہی ہے جس پر ہمیں گہری تشویش ہے ۔ مرضی کے فارمولے کو تبدیل کیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات پر وصول کئے جانے والے ٹیکسز کی شرح میں کمی کر کے ریلیف دیا جائے۔