پی ٹی آئی کا مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل، کہا جب تک انسان ڈھیٹ اور عقل سے پیدل نہ ہو نون لیگ اسے وزیر نہیں بناتی

 
0
435

اسلام آباد، مارچ 26 (ٹی این ایس): تحریکِ انصاف نے   حکمران جماعت مسلم لیگ کی رہنماء  اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے بیان ہر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ  جب تک انسان ڈھیٹ اور عقل سے پیدل نہ ہو نون لیگ اسے وزیر نہیں بناتی۔

تحریکِ انصاف کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اپنی نااہلی اور نالائقی پر شرمندہ ہونے کی بجائے نون لیگی وزیر نقائص کی نشاندہی کرنے والوں پر کیچڑ اچھالتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات بیچاری جس دن اپنے ضمیر پر کان دھریں گی، فارغ کرکے گھر بھجوا دی جائیں گی جبکہ شہباز شریف کی گڈ گورننس کا چیچک زدہ چہرہ احد چیمہ اور ملتان میٹرو کی صورت میں قوم دیکھ چکی ہے،شہباز شریف نے پنجاب میں ہسپتالوں پر سرمایہ کاری کی ہوتی تو اپنے علاج کیلئے لندن نہ بھاگتے۔

ترجمان نے کہا کہ عمران خان نہ سہی مریم اورنگزیب چیف جسٹس صاحب ہی کو وہ ہسپتال دکھا دیں جنہیں شہباز شریف نے چار چاند لگائے ہیں۔

تحریکِ انصاف کے ترجمان نے کہا کہ ملتان میٹرو کی چوری پاکستان نے نہیں چینی حکام نے پکڑی  اوراب راولپنڈی اسلام آباد میٹرو میں لوٹ مار کی کہانیاں میڈیا کی زینت بن رہی ہیں جبکہ “احد چیمہ” جیسے بہت سے کردار شہباز شریف کی سیاست و حکومت کے تابوت کو کندھا دینے کیلئے تیار ہیں۔