افغانستان امن کانفرنس کا اجلاس شروع, طالبان بھی میدان میں آگئے، واضح اعلان کردیا

 
0
368

تاشقند مارچ 27(ٹی این ایس) ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں افغانستان امن کا نفرنس سے متعلق اعلیٰ سطح کا دو روزہ اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے جس میں شرکت کیلئے افغان صدراشرف غنی روانہ ہوگئے ہیں۔کانفرنس کے دوران افغان صدر اپنے ازبک ہم منصب، سربراہ یورپین یونین برائے خارجہ امور اور دیگر مندوبین سے بھی ملاقات کرینگے، افغان صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت کو امید ہے کہ تاشقند اجلاس کا ٹھوس نتیجہ نکلے گا۔وزیر خارجہ خواجہ محمدآصف ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں افغانستان پر ہونے والی امن کانفرنس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کرینگے جس میں امریکہ سمیت خطے کے ممالک کے وفود شرکت کرینگے۔اس سے قبل 26اور 27مارچ کو ہونے والی دو روزہ کانفرنس سے پہلے تیاریوں کیلئے اعلیٰ حکام اجلاس میں پاکستانی عہدیدار کے ایک وفد نے شرکت کی تھی جس میں وزارت خارجہ میں افغان ڈیسک کے ڈائریکٹر جنرل منصور خان بھی شامل تھے۔وزارت خارجہ زرائع کے مطابق افغانستان میں امن مذاکرات دہشتگردی اور منشیات کے خلاف تعاون کانفرنس کا بنیادی ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کوشش ہوگی کہ کانفرنس کو امن کوششوں کیلئے استعمال کیا جائے۔طالبان کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے اور طالبان کا کہنا ہے کہ ان کی شمولیت کے بغیر کوئی کانفرنس نتائج نہیں دے سکتی۔ازبک وزارت خارجہ کے مطابق کانفرنس کے شرکائافغان حکومت اورطالبان کے درمیان براہ راست اور غیر مشروط مذاکرات پر زور دینگے۔ واضح رہے کہ تاشقند اجلاس افغانستان کا امن کانفرنس کے سلسلے کا تسلسل ہے۔ ازبک دارالحکومت تاشقند میں منعقدہ اجلاس میں امریکا سمیت 23ممالک کے مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ اس سے قبل جرمنی میں افغانستان امن کانفرنس سے متعلق اجلاس منعقد کیے گئے ہیں۔