مقبوضہ کشمیر: بھارت کی دغا بازی نے محبوبہ مفتی کوبھی بولنے پر مجبور کردیا

 
0
326

سرینگر28مارچ (ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی دغا بازی کی دہائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی نے کٹھ پتلی انتظامیہ کوبحران کے وقت تنہا چھوڑدیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں بھارت کے سات سو سے زائد سیاحوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر بہت سے مسائل میں پھنساہوا تھا لیکن بھارت نے انہیں تنہا چھوڑ دیا ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر سے نمٹنے کے کئی طریقے تھے لیکن اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے بندوق کے استعمال کے سوا کچھ نہیں کیا گیا۔ انہو ں نے کہا کہ بندوق نے زخم دیے جن پر مرہم نہیں رکھاگیا اور زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے کوئی ہونا چاہیے۔ محبوبہ مفتی نے خواتین کے لیے محفوظ ماحول پر کشمیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا اگر پورے بھارت کو یکجا کیا جائے پھر بھی کشمیر سب سے بہتر ہے۔ انہوں نے بھارت میں خواتین کی حالت زار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر نہ صرف زمین پر جنت ہے بلکہ یہ خواتین کے لیے سب سے محفوظ جگہ ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ بھارت کی نیوز چینلزکشمیرکے مسائل کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرتی ہیں۔