مقبوضہ کشمیر: کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبانے والاہر حربہ ناکام ہوگا: میرواعظ

 
0
247

سرینگر28مارچ (ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چےئرمین میرواعظ عمرفاروق نے کہا ہے کہ کشمیر محض ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے اور کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبانے والی ہر کوشش ناکام ہوکر رہے گی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ نے راجباغ سرینگر میں حریت فورم کے مرکزی دفتر پر فورم کی ایگزیکٹو کونسل سے کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو پاکستان ، بھارت اور کشمیریوں کے درمیان مسلسل مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی فوجی حکمت عملی بدقسمتی ہے اور اس سے ظاہر ہوتاہے کہ بھارتی حکمران فوجی طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کاجذبہ حریت دبانا چاہتے ہیں۔

میرواعظ نے محاصروں اور تلاشی کارروائیوں سمیت کشمیر کے طول وعرض میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کو بلا لحاظ عمر ہراساں ، گرفتار اور تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاوقت آگیا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم کی بھر پور مزاحمت کریں۔ اجلاس کے شرکاء نے بھارتی تحقیقای ادارے این آئی اے کی طرف سے گرفتار کئے گئے حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ ، ایڈوکیٹ شاہد الاسلام، الطاف احمد شاہ، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ ، معراج الدین کلوال، فاروق احمد ڈار، نعیم احمد خان اور ایک کشمیری تاجر ظہور وٹالی سمیت بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا ا ظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہاہے اور انہیں طبی اور دیگر سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے۔ شرکاء نے کہاکہ جیلوں میں نظربند زیادہ تر کشمیری کئی کئی عارضوں میں مبتلا ہیں اور انہیں طبی سہولت سے محروم رکھنے سے ان کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔