کشمیری بھارتی اوچھے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرنے کیلئے منظم رہیں، سید علی گیلانی

 
0
362

سرینگر اکتوبر 4 (ٹی این ایس) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی اور جابرانہ قبضے کی وجہ سے کشمیری انتہائی مشکلات کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ کشمیریوں کے سیاسی مستقبل کا مسئلہ ہے اور بھارت نے گزشتہ ستر برس سے کشمیریوں کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کو فوجی طاقت کے بل پر دبا رکھا ہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ تنازعہ کشمیر اب تک حل نہ ہونے کے سبب کنٹرول لائن کے دونوں جانب انسانی جانوں کے زیاں کا سلسلہ جاری ہے اور دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان اگر خدانخواستہ جنگ چھڑ جاتی ہے تو یہ پورے خطے کیلئے تباہی و بربادی کا سبب بن سکتی ہے ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتالہذا ان حالات میں مسئلہ کشمیر کا حل نکالنے میں ہی سب کی عافیت ہے۔

انہوں نے جموں و کشمیر کے بھارت کے ساتھ انضمام سے متعلق راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اشتعال انگیز بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہٹ دھرمانہ اور غیر حقیقت پسندانہ بیانات کے ذریعے تنازعہ کشمیر کی حیثیت کو ہرگز متاثر نہیں کیا جاسکتا۔ انہوںنے کہا کہ آج کل کے دور میں جب حق خود ارادیت کی تحریکوں کو ہر جانب پزیرائی حاصل ہو رہی ہے بھارت مسئلہ کشمیر کے تاریخی حقائق سے کب تک بیرونی دنیا کے ساتھ ساتھ اپنے عوام کو دھوکے میں رکھ سکتا ہے ۔

انہوں نے مقبوضہ علاقے میں خواتین خاص طور پر کم عمر لڑکیوں کی چُٹیا کاٹے جانے کے پر اسرار واقعات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائیں ۔ حریت چیئرمین نے اپنے بیان میں پاکستان پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی سفارتی مہم کو عالمی سطح پر مؤثر طریقے سے آگے بڑھائے اورکنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال گولہ باری کو بھی عالمی ایوانوں میں پیش کرکے بھارتی پروپیگنڈے کا موثر توڑ کرے۔