پی ایس ایل: لاہور میں میچز کے دوران دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا

 
0
296

لاہور،مارچ30(ٹی این ایس):پاکستان سپر لیگ تھری کے لاہور میں ہونے والے 2 میچز کے دوران دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنائے جانے کا انکشاف ہوا ۔کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ بنایا گیا تھا جسے ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جن میں اسلام الحق، جہانگیر شاہ، عمران، وقارالامین اور علیم الرحمان شامل ہیں، جبکہ دہشت گردوں میں خودکش حملہ آور لقمان بھی شامل ہے۔ذرائع سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد سرگودھا میں حساس ادارے کے افسر کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گرد بیدیاں روڈ اور فیروز پور روڈ پر ہونے والے دھماکوں میں بھی ملوث تھے جن میں مزید تفتیش کی جارہی ہے۔