بھارت، اسرائیل اور امریکہ کا ٹرائیکا نہ صرف عالم اسلام بلکہ انسانیت کا دُشمن ہے‘شاہ غلام قادر

 
0
485

مظفرآباد ،02اپریل (ٹی این ایس):آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ بھارت، اسرائیل اور امریکہ کا ٹرائیکا نہ صرف عالم اسلام بلکہ انسانیت کا دُشمن ہے ۔ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کی تباہی کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ اس عالمی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ نہتے انسانوں کو آزادی کی پاداش میں موت کی وادی میں دھکیل دیا جاتا ہے۔ ان سنگین حالات کا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ کو سخت ترین نوٹس لینا چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھارتی افواج کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے شوپیاں اور اسلام آباد میں بھارتی افواج کی جارحیت اور درندگی کے باعث17کشمیری نوجوانوں کے شہادت کے واقعہ پر گہرے دُکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت دونوں دہشت گردی کر رہے ہیں جن کو امریکہ بہادر کی آشیر باد حاصل ہے، جو کہ عالمی امن کے لیے خطرناک ہے۔ شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزادی مانگنا کوئی جُرم نہیں۔ کشمیری اور فلسطینی عوام کو آزادی کا حق دیے بغیر امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ سپیکر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے سنگین حالات پر آزاد کشمیر کے عوام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ اُنہوں نے شہداء کے بلندیء درجات اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کی دُعا کرتے ہوئے کہا کہ غلامی کے دن تھوڑے ہیں جلد آزادی کشمیری عوام کا مقدر بنے گا۔