چیئرمین سینیٹ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بھر پور مذمت 

 
0
356

اسلام آباد،02اپریل(ٹی این ایس):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھارت کی جانب سے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں وحشیانہ طاقت کے استعمال جس کے نتیجے میں 20 نہتے اور معصوم کشمیری شہید جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے کی بھر پور مذمت کی ہے ۔ افسوسناک امریہ ہے کہ اس تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ بھارت احتجاج کرنے والے نہتے کشمیریوں جن میں نوجوان اور بچے شامل ہیں پر ظالمانہ اپریشن کررہا ہے جس میں پیلٹ گن کا استعمال بھی شامل ہے اور اس کے ساتھ ساتھ علاقے میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے ۔اس ظلم و بربریت کا مقصد معصوم کشمیریوں کی تحریک کو مزید دبانا ہے ۔کشمیریوں کابہیمانہ قتل عام بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے غیر انسانی چہرے کا عکاس ہے جس کا ارتکاب کئی دہائیوں سے معصوم کشمیریوں پر کیا جارہاہے ۔ مدینہ منورہ سعودی عرب سے اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ بھارتی قابض فوجوں کی جانب سے اس قسم کے بزدلانہ اقدامات سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے بلکہ ان کے عزم کو مزید تقویت ملے گی ۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے دلیر اور پُرعزم لوگوں نے بار بار اس عہد کا اعادہ کیا ہے کہ بھارتی فوجوں کی جانب سے کسی قسم کا تشدد ،بربریت اور ماروائے عدالت قتل عام انہیں حق خود ارادیت کی تحریک سے الگ نہیں کر سکتا ۔ چیئرمین سینیٹ نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور گزشتہ کئی برسوں سے جاری ان مظالم کو روکنے کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال کریں ۔چیئرمین سینیٹ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشا ت کے مطابق دیر پا حل کیلئے کردار ادا کرے۔