راولپنڈی، اپریل 02 (ٹی این ایس): صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد ایازہنجرا نے پیر کے روز سنٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں موجود انتظامی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن نوید رؤف ، سپر انٹنڈنٹ سنٹرل جیل راولپنڈی سعید اللہ گوندل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
جیل سپرانٹنڈنٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مہمان وزیر نے اسیروں کے کچن، نو عمر وارڈ، خواتین وارڈ، پی سی او، فیکٹری، بارکس، جیل ہسپتال، سنٹرل ٹاور میں قائم ڈسپنسری کے علاوہ خوتین اور مردوں کے لئے قائم ہنرمندی کے مراکز کا معائنہ کیا اور خواتین اسیروں اور انکے بچوں میں مختلف تحائف تقسیم کئے۔
وزیر جیل خانہ جات نے نو عمر قیدیوں کی صحت مند تفریح اور کھیلوں کے لئے بنائے گئے میدانوں اور کمیونٹی ہال میں ملٹی میڈیا سنٹر کا بھی دورہ کیا اور اسیروں کی ذہنی تفریح کی غرض سے معلوماتی اور حب الوطنی پر مبنی پروگرامز اور انکے انتظامات کو سراہا۔
بعد ازاں وزیر موصوف نے اسیروں کے لئے صاف پانی کی فراہمی کے لئے سنٹرل ٹاور میں لگائے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔وزیر نے ایسٹر کی مناسبت سے جیل میں قائم چرچ میں مسیحی برادری کی خوشیوں میں شرکت کی اور کیک بھی کاٹا۔
انھوں نے جیل کے اندر تمام انتظامات خاص طور پر سیکیورٹی کے لئے کئے گئے انتظامات پر اطمنان کا اظہار کیا۔