مشرقی الغوطہ کے شہر دوما سے جنگجوؤں کا پہلا قافلہ بسوں میں جرابلس روانہ

 
0
311

دمشق ،03اپریل(ٹی این ایس):شامی باغیوں کے سب سے بڑے اور مضبوط گروپ نے دمشق کے نواح میں واقع علاقے مشرقی الغوطہ کے بڑے شہر دوما سے انخلا شروع کردیا ہے اور ان کا پہلا قافلہ بسوں میں شمال مغربی قصبے جرابلس کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق جیش الاسلام کے جنگجوؤں کا آٹھ بسوں پر مشتمل پہلا قافلہ جرابلس کی جانب چلا گیا ہے۔ان پر 448 افراد سوار تھے ۔ ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع جرابلس پر ترک فورسز اور شامی باغیوں کا مشترکہ کنٹرول ہے۔شامی حکومت نے دوما سے باغیوں اور ان کے خاندانوں کے سمجھوتے کے تحت انخلا کے لیے 50 سے زیادہ بسیں بھیجی ہیں ۔ان کے مکمل انخلا کے بعد مشرقی الغوطہ پر گذشتہ سات سال سے جاری جنگ میں پہلی مرتبہ شامی حکومت کا مکمل کنٹرول ہو جائے گا۔ تاہم جیش الاسلام کی جانب سے دوما چھوڑنے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے بھی دوما سے باغی جنگجوؤں اور ان کے خاندانوں کے انخلا کی اطلاع دی ہے۔البتہ شامی رصدگاہ کے سربراہ رامی عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ جیش الاسلام ہی کے بعض دھڑوں نے دوما اور اس کے نواحی علاقوں کو چھوڑنے اور ان کا کنٹرول شامی حکومت کے حوالے کرنے کی مخالفت کی ہے۔