2014میں قطری عہدے دار کی داعش کو موصل پر قبضے کی مبارک بادکا انکشاف

 
0
381

دوحہ ،03اپریل(ٹی این ایس):قطری حکومت کے ایک عہدہ دار نے 2014ء میں داعش کے عراق کے شمالی شہر موصل پر قبضے کے وقت ٹویٹر پر باضابطہ طور پر مبارک باد پیش کی تھی۔عرب ٹی وی کے مطابق اس بات کا انکشاف حال ہی میں دوبارہ منظرعام پر آنے والے ٹویٹس سے ہوا ۔داعش اور جہادیوں کی تعریف کرنے والے یہ قطری عہدہ دار حمد لحدان المہندی ہیں ۔وہ قطر کی سنٹرل میونسپل کونسل کے چئیرمین ہیں اور ماضی میں قطر اولمپک کمیٹی کے سابق ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔انھوں نے ٹویٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں داعش کو انقلابی قرار دیا تھا۔ان کی 2014ء کی اس ٹویٹ کے ساتھ ایک تصویر بھی تھی اور اس پر یہ لکھا تھاکہ عراق کے شہر موصل کی افطار سے قبل کی ایک تصویر،عراق میں انقلابیوں کی حکومت نے موصل کو ایران کی گرفت سے واپس کھینچ لیا ہے۔اس پوسٹ سے چند روز قبل ہی ابراہیم البدری المعروف ابو بکر البغدادی پہلے سے ریکارڈ ایک ویڈیو میں نمودار ہوئے تھے۔ داعش کی جانب سے انٹر نیٹ پر جاری کردہ اس ویڈیو میں وہ موصل کی جامع مسجد میں خطبہ دے رہے تھے اور انھوں نے سیاہ چغہ اور پگڑی پہن رکھی تھی۔انھوں نے اس خطیم میں داعش کی خود ساختہ خلافت کا اعلان کیا تھا۔انھوں نے کہا تھاکہ مجھے آپ کا حکمراں منتخب کر لیا گیا ہے۔میں آپ سے بہتر ہوں اور نہ کسی سے برتر ہوں ۔اگر آپ مجھے درست راستے پر دیکھیں تو میری حمایت کریں ۔اگر غلط راہ پر دیکھیں تو مجھے نیک مشورہ دیں ۔اگر میں اللہ کی اطاعت کروں تو میری اطاعت کریں۔