تحریک حریت کی طرف سے شہید کشمیری طالب علم کو زبردست خراج عقیدت 

 
0
453

بھارتی فورسز سے شہید نوجوان کی میت اسکے اہلخانہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ 
شہید نوجوان کی میت کی واپسی کا مطالبہ انسانی مسئلہ ٗہبی رسومات کے مطابق سپرد خاک کرنے سے روکنا غیر انسانی اور غیر اخلاقی فعل ہے ٗ بیان 
سرینگر02جولائی (ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموں وکشمیر نے کپواڑہ کے علاقے کچھ ہامہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان مدثر احمد بٹ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید نوجوان کی میت اسکے اہلخانہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ دوہرایا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ شہید نوجوان کی میت کی واپسی کا مطالبہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور اس مطالبے پر شہید کے اہلخانہ اور دیگر عوام کوبدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنانا مطلق العنانیت اور کبر و نخوت کا مظہر ہے ۔انھوں نے اس عوامی مطالبے کی تائید و حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی موت کے بعد دشمنی اور شقاوت قلبی کا مظاہرہ کرنا اور اس کی میت کومذہبی رسومات کے مطابق سپرد خاک کرنے سے روکنا ایک غیر انسانی اور غیر اخلاقی فعل ہے۔انہوں نے نوجوان کے بلا جوازقتل پر بھارتی فوجیوں کوکڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس سانحہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے صبر استقامت کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام قتل وغارت گری کی اس لہر کے باوجود تحریک آزادی کو اس کے حتمی انجام تک پہنچانے کے اپنے عہد پر قائم ہیں۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تحریک حریت جموں وکشمیرکے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پر ایک وفد نے پلوامہ کے علاقے چاٹہ پورہ میں بھارتی فورسز کی بلا جواز فائرنگ میں شہید ہونیوالے کشمیری طالب علم فرزان احمد پوسوال کے گھر جاکر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔