حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور گھروں پر بھارتی فورسز کے چھاپے کی شدید مذمت 

 
0
333

پر امن سیاسی کارکنوں اور عوام کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے ، حریت کانفرنس 
حریت پسند عوام اور سیاسی کارکنوں کی پُر امن سرگرمیوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال سرکاری دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے ٗ غلام نبی سمجھی 
سرینگر02جولائی (ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور انکے گھروں پر چھاپوں سمیت انتقامی کار روائیوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی پر قدغن عائد کرنے کیلئے فوجی طاقت کا استعمال انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے ۔ کشمیرمیڈیازسروس کے مطابق کے حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ قابض فورسز کی طرف سے حریت پسند عوام اور سیاسی کارکنوں کی پُر امن سرگرمیوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال سرکاری دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے جس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔انہوں نے حاجن بانڈی پورہ میں بھارتی فورسز کی انتقامی کارروائیوں اور چھاپوں کے دوران عام شہریوں اور حریت پسند سیاسی کارکنوں بشمول بشیر احمد لون ،غلام رسول ڈار ،نذیر احمد گنائی ،غلام حسن شاہ ،عبد ا لحمید پرے ،خورشید احمد پرے،، نصیر احمد راتھر ،اعجاز احمد لون ،ممتاز احمد ڈار ،ارشاد احمد ڈار اورمشتاق احمد وانی کو گرفتار کر کے بدترین تشدد اور تذلیل آمیز سلوک کا نشانہ بنانے کی ظالمانہ کار روائیوں کی مذمت کرتے ہوے کہا کہ عام لو گوں اور حریت پسند کارکنوں کو سیاسی اختلافات کی بناء پر حبس بے جا میں قید رکھنا اور سر عام تذلیل آ میز سلوک کا نشانہ بنا نا سرکاری غنڈہ گردی کا بین ثبوت ہے ۔حریت رہنما نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن ،ایمنسٹی انٹرنیشنل ،عالمی ریڈکراس اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کشمیرکے مظلوم عوام کے حق میں اپنی آواز بلند کریں۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر ایک اعلی سطح کاوفدبشیر احمد اندرابی کی قیادت میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان طالب علم فیضان احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لدو پانپور گیا۔وفد نے شہید کے لواحقین کوسیدعلی گیلانی کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔