زمردہ حبیب کی طرف سے آسیہ اندرابی کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت 

 
0
515

قابض انتظامیہ پر جنیوا کنونشن کے تحت علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی پر زور
جیلوں میں نظربند سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھنا غیر قانونی طرز عمل ایک سنگین جر م ہے ٗ زمردہ حبیب 
سرینگر02جولائی (ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیرمیں کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے دختران ملت کی غیر قانونی طورپر نظربند سربراہ آسیہ اندرابی کی جیل میں گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہیں جنیوا کنونشن کے تحت تحفظ اور علاج معالجے کی مناسب سہولتیں فراہم کرنے پر زوردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق زمردہ حبیب نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ آسیہ اندرابی اور دیگر خواتین رہنماؤں کی مسلسل نظربندی اور انہیں بار بار سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا افسوسناک اور انتہائی قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جیل میں مناسب خوراک اور علاج معالجے جیسے بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کی وجہ سے وہ مختلف عارضوں میں مبتلا ہو چکی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جیلوں میں نظربند سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھنا نہ صرف غیر قانونی طرز عمل ایک سنگین جر م ہے بلکہ نظربندوں کے حقوق کی بدترین پامالی ہے جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا۔ جیلوں میں نظر بندوں کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے زمردہ حبیب نے کہا کہ علاج معالجے کی سہولتوں سے محروم رکھنے جیسے ظالمانہ اقدامات کو فوری طورپربند کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ قتل عام ، بلا جواز چھاپوں،مسلسل نظربندیوں اور گرفتاریوں سمیت دیگر ظالمانہ اقدامات سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ۔ حریت رہنماء نے کشمیری نظر بندوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اورعالمی ریڈکراس سمیت انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے مختلف جیلوں نظربند کشمیری حریت رہنماؤں اور کارکنوں بالخصوص آسیہ اندرابی،ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کے دوران تیزی سے گرتی ہوئی صحت کا فوری نوٹس لینے اور انکی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت آمرانہ و ظالمانہ پالیسیوں سے حق و صداقت کی آواز کو دبایا نہیں سکتا۔