بھارت ،غلط خبریں چلانے والے صحافیوں کے خلاف کارروائی کا حکم واپس

 
0
259

نئی دہلی،04اپریل(ٹی این ایس):بھارت کی وزارت اطلاعات اور براڈ کاسٹنگ نے اپنا وہ حکم واپس لے لیا ہے جس کے مطابق ایسے صحافیوں کے خلاف کارروائی کی جانا تھی جو فیک نیوزیا (غلط خبریں) پھیلانے کے ذمہ دار پائے جائیں۔واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے دوروز قبل اعلان کیا تھا کہ جعلی خبریں نشر کرنے والے صحافیوں کی سرکاری پریس کانفرنسز میں شرکت پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے یا مختلف تقریبات میں رپورٹنگ کے لیے ان کے اجازت نامے منسوخ بھی کیے جا سکتے ہیں۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق اس حکم کو وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایات پر واپس لیا گیا۔ مودی کا کہناتھا کہ جعلی یا غلط خبروں کے معاملے کو پریس کونسل آف انڈیا کے ذریعے نمٹایا جائے جو ایک نیم آزادانہ پریس گروپ ہے۔بھارتی وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے ایک مختصر بیان جاری کیا گیا جس کے مطابق فیک نیوز کے معاملے سے نمٹنے کے لیے جو حکمت عملی جاری کی گئی تھی اسے واپس لیا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ بھارت میں کوئی بھی صحافی حکومت کی طرف سے جاری کردہ کسی اجازت نامے کے بغیر بھی اپنا کام جاری رکھ سکتا ہے تاہم بھارت کے وفاقی پریس انفارمیشن بیورو کی جانب سے جاری کردہ پریس کارڈ کے بغیر کسی صحافی کو حکومتی ایونٹس میں شمولیت اور مختلف وزارتوں سے رپورٹنگ کی اجازت نہیں ہوتی اور نہ ہی پارلیمان تک رسائی کی اجازت ملتی ہے