دبئی،04اپریل(ٹی این ایس):بحرین کے وزیر داخلہ شیخ خالد بن احمد آل خلیفہ نے کہاہے کہ قطر کے بحران سے خلیج تعاون کونسل کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ کونسل اس بحران کا سامنا کرنے کی قدرت رکھتی ہے اور رکن ممالک کے درمیان قائم ہونے والے اتحاد درحقیقت قوت کی دلیل ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ نے یہ بات دبئی میں منعقد دو روزہ عرب میڈیا فورم کے پہلے روز العربیہ نیوز چینل کی خاتون میڈیا پرسن منتہی الرمحی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے واضح کیا کہ بحرین کی پالیسی سعودی عرب کے تابع نہیں مگر یہ منامہ اور ریاض کے درمیان رابطہ کاری سے سامنے آتی ہے۔ایران کے حوالے سے شیخ خالد نے باور کرایا کہ تہران میں سرگرم نظام نے دشمنانہ روش اپنا رکھی ہے اور وہ خطّے میں غلبے اور کنٹرول کے لیے کوشاں ہے۔بحرینی وزیر خارجہ کے مطابق خطّہ اس وقت تبدیلی کے مرحلے میں ہے اور میڈیا بھی اس تبدیلی کا ایک حصّہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خطّے کو چیلنجوں کا سامنا ہے اور بعض زرد صحافت کے مرتکب ذرائع ابلاغ کی جانب سے سبوتاڑی کا پھاؤڑا چلانا برداشت نہیں کیا جائے گا۔شیخ خالد کے مطابق عرب میڈیا کسی بحران سے نہیں گزر رہا ہے بلکہ ہمارے گرد ایسے بحرانات ہیں جن سے نمٹنے کی ذمے داری میڈیا نے سنبھالی ہوئی ہے۔