ایمپلائز  کوآپروٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی  کے جنرل سیکریٹری یاسر عرفات مہدی  شہریوں کے پلاٹس کے جعلی کاغذات بنواکر  بیچنے کے دھندے میں ملوث

 
0
458

بلوچستان کے متاثرہ شہری  کی شکایت پر ایف آئی اے نے کیس درج کر لیا

اسلام آباد، 05 اپریل  (ٹی این ایس): سویلین ایمپلائز  کوآپروٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی  (CECHS)  کے ایک  عہدیدار نے کو ئٹہ کے ایک شہری کو چونا لگا کر اسکا پلاٹ ہڑپ کیا اور بعد ازاں اسکے نام پر جعلی دستاویزات بنا کر دوسروں کو بیچ ڈالا۔

محمد عارف شاہ ساکنہ راراشم موسیٰ خیل لورالائی کی شکایت پر ایف آئی اے  نے  سویلین ایمپلائز  کوآپروٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی   کے جنرل سیکریٹری یاسر عرفات مہدی کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ  انھوں نے  محمد عارف شاہ کا پلاٹ  نمبر 16 واقع لوٹس مارکیٹ بلاک –جی سواں گارڈن ، جو 2007 میں خریدا گیا تھا ،ہڑپ کرلیا۔

درخواست گذار کے مطابق وہ  کوئٹہ میں رہتا ہے اور زیادہ فاصلہ  ہونےکے باعث اپنے پلاٹ کو دیکھ سکا نہ اسکا  برقت قبضہ حاصل کر سکا چنانچہ ملزم نے اسکا فائدہ اٹھاتے ہوئے  جعلی کاغذات   کے ذریعہ پلاٹ نمبر 16-A بنایا جسکا اصل نقشہ پر کوئی وجود ہی  نہ تھا اور بعد ازاں 2016 میں ا سے محمد کاشف  عمران نامی شخص کو 16 لاکھ روپے میں  بیچ دیا جس نے اس پر ایل پلازہ کی تعمیر کی۔

یاسر عرفات نے  اسی ہاؤسنگ اسکیم میں -A  11 نمبر کا ایک اور جعلی  پلاٹ  بناکر  کاشف عمران  کو 14 لاکھ میں فروخت کیا۔

محمد عارف نے درخواست کی ہے کہ یاسر عرفات نے  اپنی  حیثیت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے  جعلسازی سمیت بیک وقت کئی جرائم کا ارتکاب کیا ہے چنانچہ نہ صرف  ازروئے قانون اسکے خلاف  سخت تادیبی کاروئی کی جائے بلکہ تفصیلی تحقیقات کرتے ہوئے ان لوگوں کا بھی پتہ لگایا جائے جو ان مجرمانہ کاموں میں  انکے اعانت کار رہے ہیں۔