محاذ جنگ پر پسپائی اختیار کرنے والوں کو قتل کردیا جائے،حوثی لیڈرکا حکم

 
0
341

صنعاء ،07اپریل(ٹی این ایس):یمن میں سرگرم حوثی باغی گروپ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے قبائلی نوجوانوں کو خائن قرار دے دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثی لیڈر عبدالملک الحوثی نے مختلف محاذوں پر لڑنے والے فیلڈ کمانڈروں کے ایک اجلاس میں شرکت کی اور ان سے خطاب کیا۔ عبدالملک الحوثی کا کہنا تھا کہ تنظیم کے گڑھ سمجھے جانے والے صعدہ کے علاقے میں یمنی فوج کے خلاف بھرپور جنگ کی جائے اور سرکاری فوج کی پیش رفت روکی جائے۔ عبدالملک الحوثی نے اجلاس کے دوران ایک سے زائد بار خبر دار کیا کہ حوثی ملیشیا قبائلی نوجوانوں پر اعتماد نہ کرے کیونکہ یہ اندر سے حکومت کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور ان کے ساتھ خیانت اور دھوکہ کرتے ہیں۔ حوثی لیڈر نے اجلاس میں اپنے کمانڈروں کو حکم دیا کہ محاذ جنگ پر پسپائی اختیار کرنے والوں کو قتل کردیا جائے، بالخصوص قبائلی نوجوانوں کے حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے کیونکہ وہ سرکاری فوج کے ساتھ مل کر ان کے خلاف لڑائی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ حوثی لیڈر نے ہدایت کی کہ قبائل کے ساتھ پہلے تو احتیاط کے ساتھ برتاؤ کیا جائے کیونکہ ان سے کسی بھی وقت خیانت اور دھوکہ دہی کا امکان ہے اور وہ کسی بھی وقت اپنے مفادات بدل سکتے ہیں۔