جرمن وزیرخارجہ کا اردن میں مہاجر بستی کا دورہ،سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں

 
0
305

عمان،07اپریل(ٹی این ایس):جرمن وزیرخارجہ نے کہاہے کہ پناہ گزین مرکز کے دورے کا مقصد زمینی حقائق کو قریب سے جاننا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات ہائیکو ماس نے اردن کے شہر الرزاق میں قائم ایک مہاجر کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ اس کیمپ میں 37000 مہاجرین رہائش پذیر ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اردن میں اہم سیاسی شخصیات سے ملاقات کے بعد اس مہاجر بستی کا دورہ کیا۔ جرمن سوشلسٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے اس وزیر نے ماہانہ ایک ہزار مہاجرین کو پناہ دینے کے برلن حکومت کی منصوبے کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر جرمن وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس دورے کا مقصد پناہ گزینوں کو درپیش حالات کو قریب سے جاننا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ برلن میں اس حوالے سے نئی قانون سازی کرنے کا اس وقت تک کوئی فائدہ نہیں جب تک اس پر عمل نہ کیا جا سکتا ہو۔بعد ازاں وفاقی وزیر نے اردن کے دارالحکومت عمان میں جرمن سفارتخانے کے ویزا سیکشن کا دورہ بھی کیا۔ جرمن سفارتخانے میں گزشتہ برس پندرہ ہزار شامی مہاجرین کی جانب سے پناہ کی درخواستیں جمع کروائی گئی تھی۔جرمن وزیر خارجہ نے دو روزہ دورے کے دوران اردن کے شہزادے فیصل بن حسین سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اردن کو مشرق وسطٰی میں مغربی ممالک کا ایک اہم اتحادی ملک بھی قرار دیا ہے۔