ہنگری کے الیکشن ،وزیراعظم کی پارٹی نے دوتہائی اکثریت حاصل کر لی 

 
0
315

بڈاپسٹ ،09اپریل(ٹی این ایس):ہنگری کے پارلیمانی الیکشن میں وزیراعظم وکٹور اوربان کی فیدس پارٹی نے پارلیمان میں دو تہائی اکثریت حاصل کر لی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق منعقد ہوئے اس الیکشن کے ابتدائی نتائج کے مطابق مہاجرت مخالف اوبان کی سیاسی پارٹی کو 48.8 فیصد ووٹ ملے ۔ اندازہ ہے کہ فیدس پارٹی 199 نشستوں والی ملکی پارلیمان میں 133 سیٹوں پر کامیابی حاصل کر لے گی۔ ان نتائج کے مطابق وکٹور اوربان تیسری مرتبہ بھی وزارت عظمیٰ کے منصب پر براجمان ہو جائیں گے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ہنگری کے وزیراعظم نے کہاکہ ہنگری ایک ایسا ملک ہے، جو اپنے لیے ہمیشہ خود کھڑا ہوا ہے اور اسی لیے ہم لوگوں پر اعتماد کر سکتے ہیں کہ وہ صحیح فیصلہ کریں گے۔ میں عوام کا فیصلہ تسلیم کروں گا۔ان انتخابات پر یورپی یونین حکام بڑی دلچسپی کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہنگری میں ذرائع ابلاغ اور عدلیہ پر قدغنیں اور سول سوسائٹی کے خلاف کریک ڈان چند ایسے عوامل ہیں جن کی وجہ سے اوربان اور برسلز حکام کے مابین اختلافات پائے جاتے ہیں۔ پچھلے کچھ عرصے میں بوداپسٹ حکومت نے بالخصوص ان اداروں کو نشانہ بنایا ہے، جنہیں ہنگری نژاد امریکی جارج سوروس کی مالی معاونت حاصل ہے۔ اوربان سوروس پر الزام عائد کرتے ہیں کہ ان کی معاونت سے چلنے والے ادارے، ہنگری کی مسیحی شناخت کو متاثر کرتے ہوئے مسلمان ملکوں اور افریقہ کے خطے سے وسیع پیمانے پر ہجرت کو فروغ دے رہے ہیں۔